اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہوں نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی نئی دعوت نہیں دی، جبکہ ماضی میں متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کر چکے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ عامر ڈوگر سے ملاقات میں صرف قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر بات ہوئی۔ یوم آزادی کی تقریب کے لیے پی ٹی آئی کے اراکینِ اسمبلی کے نام مانگے گئے، اس کے علاوہ کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر طارق فضل چوہدری نے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات کی ہے تو انہیں اس بارے میں علم نہیں ، میں تو مذاکرات کی دعوتے دے دے کر تھک گیا ہوں ۔ اب مذاکرات کے لیے کہنا بند کر دیا، ہر مسئلے کا حل مل بیٹھ کر بات کرنے میں ہے، میڈیا میں بیانات دینے سے مذاکرات نہیں ہوتے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی :اسپیکر قومی اسمبلی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن لیڈر ان کے چیمبر میں آنا نہیں چاہتے تو کمیٹی روم میں ملاقات کر سکتے ہیں، وہ اپنا چیمبر بھی خالی کرنے کو تیار ہیں، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے شاید اپوزیشن لیڈر کا انتخاب اس لیے کیا تھا کہ وہ مذاکرات کریں، لیکن بظاہر انہیں مذاکرات کی اجازت ہی نہیں ملی، اسپیکر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے پاس موجود عملہ واپس کر دیا جائے تو اسے قومی اسمبلی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔












