راولپنڈی (پاک ترک نیوز)ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جس میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 بہادر افسران سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔ دونوں افسران کا تعلق بالترتیب گوجرانوالہ اور چکوال سے تھا اور وہ جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے صفائی کا آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خارجی دہشت گردوں اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، جبکہ وطن کے دفاع میں جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔











