کراچی (پاک ترک نیوز )کراچی میں سابق ایس ایچ او انسپکٹر جاوید ابڑو کی شہادت کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، جن میں موٹر سائیکل سوار دو مبینہ حملہ آوروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آوروں نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ اور ماسک پہن رکھے تھے۔ ملزمان نے انتہائی قریب آ کر جاوید ابڑو پر آٹھ گولیاں چلائیں، جن میں سے سات انہیں لگیں اور وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ابڑو کو چند ماہ قبل دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں، جس پہلو سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر جاوید ابڑو کے قتل کا مقدمہ نمازِ جنازہ کے بعد درج کیا جائے گا۔ شہید کی نمازِ جنازہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی، جس میں آئی جی سندھ، اعلیٰ پولیس افسران، لواحقین اور عزیز و اقارب کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریاض میں ممکنہ حملے کا ہنگامی الرٹ جاری، کچھ دیر بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان
واضح رہے کہ شہید انسپکٹر جاوید ابڑو کے بھائی اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو بھی کچھ عرصہ قبل جرائم پیشہ عناصر نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔










