مظفر آباد(پاک ترک نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی ہال میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر مدمقابل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ آج صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 46 ارکان صدارتی انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کے 32 جبکہ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان ہیں۔
اسپیکر چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جبکہ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔نئے صدر کے انتخاب کے بعد حلف برداری کی تقریب بھی آج ہی منعقد کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کی امریکی سرزمین پر کھڑے ہوکر ٹرمپ کو للکار ، مسعود پزشکیان کا تاریخی خطاب
صدارتی انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نجیب نقی اور پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے تھے۔












