راولپنڈی (پاک ترک نیوز )راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان کے 434 رنز کے جواب میں سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 320 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔
سری لنکا کی پہلی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ صرف 7 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، جبکہ 12 رنز پر مہمان ٹیم کو دوسرا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
تیسری وکٹ 65 رنز کے مجموعے پر گری۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے تجربہ کار سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔
نوجوان بیٹرز طیب عارف اور محمد طہٰ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ کپتان بابر اعظم اور عرفات منہاس نے بھی ففٹیز بنا کر پاکستان کے مجموعے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔











