انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکش ایئرلائنز نے اپنی تاریخ کی طویل ترین نان اسٹاپ پرواز مکمل کرتے ہوئے اٹلی کے معروف فٹبال کلب یووینٹس کی ٹیم کو آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے براہِ راست اٹلی کے شہر ٹورین پہنچا دیا۔
بوئنگ 777-300ER طیارے نے تقریباً 13 ہزار 800 کلومیٹر کا فاصلہ 16 گھنٹے 27 منٹ میں طے کیا۔
خصوصی چارٹر پرواز یووینٹس کے آسٹریلیا میں پری سیزن ٹور مکمل کرنے کے بعد چلائی گئی، جہاں ٹیم نے انٹر میلان کے خلاف ’’ڈربی ڈی اٹالیا‘‘ نمائشی میچ بھی کھیلا۔
ٹیم کو پرتھ پہنچانے سے قبل یہی طیارہ استنبول سے پرتھ کے لیے بھی پوزیشننگ پرواز کرچکا تھا، جس نے تقریباً 14 گھنٹے 30 منٹ کا سفر طے کیا۔
ترکش ایئرلائنز کے حکام کے مطابق ایئرلائن 2027 کے آخر سے الٹرا لانگ رینج طیاروں کے ذریعے نان اسٹاپ طویل فاصلے کی پروازوں کا نیٹ ورک مزید وسیع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے تحت آسٹریلیا اور جنوبی امریکا کے مختلف مقامات کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کی جاسکیں گی۔
ترکش ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ اس کا شیڈول نیٹ ورک دنیا کے کسی بھی دوسرے ایئرلائن کے مقابلے میں سب سے زیادہ ممالک تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدے میں مزید ممالک کی شمولیت کی خواہش ہے، اردوان
ایئرلائن کی 2033 حکمتِ عملی کے تحت طیاروں کے بیڑے میں بڑی توسیع اور تبدیلی کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کے تحت بیڑے میں طیاروں کی تعداد تقریباً 800 تک پہنچائی جائے گی۔
ترکش ایئرلائنز پہلے ہی تقریباً 420 نئے طیاروں کے آرڈر دے چکی ہے، جن میں ایئربس اور بوئنگ کے طیارے شامل ہیں، جبکہ مزید 100 بوئنگ طیاروں کے حصول کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں۔












