پشاور ( پاک ترک نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق یومِ اقبال کے موقع پر 9 نومبر سے ساؤتھ ایئرویز کے تعاون سے پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ پشاور سے لاہور کا فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا، جبکہ ابتدائی طور پر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی بیٹیوں کو فیملی پنشن سے محروم کرنے کی پابندی غیر قانونی قرار
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں کو بھی فضائی رابطے سے منسلک کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن میں ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، چترال اور پاراچنار شامل ہیں۔فیصل کریم کنڈی کے مطابق ان علاقوں کے لیے فضائی سروس شروع کرنے کے امکانات پر بھی کام جاری ہے۔پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت کم ہوگا، جبکہ مسافروں کو طویل زمینی سفر کے متبادل کے طور پر فضائی سہولت میسر آئے گی۔












