بیجنگ (پاک ترک نیوز )چین نے جدید ہوا بازی کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، 10 ٹن وزنی الیکٹرک تجارتی طیارے نے پہلی کامیاب انسانی پرواز مکمل کر لی۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں تیار کردہ الیکٹرک تجارتی طیارے سی ای 25 اے نے مشرقی صوبے شان ڈونگ میں اپنی پہلی انسانی پرواز کامیابی سے مکمل کی۔ پرواز کے دوران طیارے میں دو پائلٹس اور ایک آزمائشی انجینئر سوار تھے جبکہ تمام نظام معمول کے مطابق کام کرتے رہے اور کارکردگی کے تمام اشاریے توقعات کے مطابق رہے۔
یہ کامیابی 2 فروری کو طیارے کی پہلی خودکار بغیر پائلٹ پرواز کے بعد سامنے آئی ہے۔
سی ای 25 اے چین کی پہلی برقی تجارتی پرواز کا منصوبہ ہے جسے بین الشہری فضائی سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ طیارے میں 19 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ اس کا زیادہ سے زیادہ پرواز کے وقت وزن 10 ٹن ہے۔
طیارہ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے، اس کی زیادہ سے زیادہ بلندی 2 ہزار 400 میٹر جبکہ ایک مرتبہ چارج ہونے پر پرواز کی حد 400 کلومیٹر ہے۔
یہ طیارہ چین کی تجارتی طیارہ ساز کمپنی، راکٹ ٹیکنالوجی کے ادارے اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
طیارے کی اب تک 19 خودکار بغیر پائلٹ آزمائشی پروازیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ چینی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس کی باقاعدہ منظوری کے لیے درخواست بھی قبول کر لی ہے۔












