راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے 59 رنز بنائے اور پھر گیند سے حریف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے نمایاں کھلاڑی رہے۔ حارث رؤف نے دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم حارث رؤف نے بین ڈکٹ کو 45 رنز پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد پاکستانی گیند بازوں نے حریف بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 302 رنز بنائے۔ حسن نواز 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عرفات منہاس نے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے 39، سعد بیگ نے 35 اور بابر اعظم نے 34 رنز بنائے۔
پاکستانی اوپنرز ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب صرف 8 رنز بنا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 65 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ گس اٹکنسن نے دو جبکہ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔












