اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسلام آباد میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کا چوتھا دور آج ہوگا۔مذاکرات شام چھ بجے وفاقی سیکرٹریٹ کے پی بلاک میں ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کریں گے۔جماعت اسلامی کے وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کریں گے، جبکہ ٹیم میں رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا آغاز سات ستمبر کو ہوا تھا۔ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کیے جانے کی صورت میں دس ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم لیوی ختم کیے بغیر احتجاج ختم نہیں ہو گا،حافظ نعیم الرحمان کا اعلان
جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی جانب سے موٹر سائیکلوں کے لیے ماہانہ بیس لیٹر پٹرول پر فی لیٹر سو روپے ریلیف دینے کی تجویز بھی مسترد کردی ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں












