اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے ترجمانوں کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک ابلاغ، میڈیا تعاون اور عوامی سفارت کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمانوں کے مذاکرات کا تیسرا دور منعقد ہوا، جس میں پاکستانی ترجمان سجاد حیدر خان اور ان کی چینی ہم منصب ماؤ ننگ نے شرکت کی۔مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون بڑھانے، اسٹریٹجک ابلاغ کو مؤثر بنانے اور عوامی سفارت کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ترجمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم بنا کر پاکستان اور چین کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی وسعت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان ،کسانوں کے لیے گندم کے تصدیق شدہ بیج پر 50 فیصد سبسڈی
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات اور مذاکرات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط، باہمی افہام و تفہیم اور دیرینہ دوستی کے فروغ کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا۔











