اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا یومِ شہدائے پولیس پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی جرأت اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گرد اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ناکام بنایا۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ معصوم جانوں کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے پولیس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں،خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کی بہادری پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم شہدائے پولیس آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا
صدرزرداری کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پولیس اداروں کو مزید مضبوط اور جدید بنانے کے لیے بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔












