اسلام آباد (پاک ترک نیوز)حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان قانون سازی سے متعلق مذاکرات کا دوسرا دور ہوا، جس میں دونوں جماعتوں نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
مذاکرات اسپیکر چیمبر میں ہوئے، جن میں وفاقی وزرا اور پیپلز پارٹی کے وفد نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران مختلف قانون سازی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں رائٹ آف وے بل کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر پیپلز پارٹی نے سخت مؤقف اپنایا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ نجی ملکیتی زمین پر زبردستی ٹاور کیسے نصب کیے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ بل میں ترامیم کرنے پر رضامند ہوگئیں۔
دونوں جماعتوں نے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔












