ریاض ( پاک ترک نیوز) سعودی عرب نے کارکنوں کی صحت اور پیشہ ورانہ اہلیت یقینی بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ غیر موزوں ملازمین اپنی ملازمتیں جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی کے مطابق تمام ملازمین کے لیے پیشہ ورانہ فٹنس اور غیر متعدی بیماریوں کے طبی معائنے مرحلہ وار لازمی قرار دے دیئے گئے۔
نئے نظام کا اطلاق تین مراحل میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں نئی بھرتیوں سے قبل لازمی طبی اسکریننگ ہوگی، دوسرے مرحلے میں موجودہ ملازمین خصوصاً زیادہ خطرے والے اداروں کے کارکنان کا معائنہ کیا جائے گا۔تیسرے اور آخری مرحلے میں یہ ضوابط مملکت کے تمام سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں تک توسیع پا جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی نئی ایئر لائنز ریاض ایئر لانچ
سعودی وزارت کے مطابق جو ملازمین مقررہ پیشہ ورانہ معیار پر پورا نہیں اتریں گے، انہیں اپنی موجودہ ملازمت یا پیشہ جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم ایسے افراد کو اضافی طبی معائنے کے ذریعے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
نئے قوانین کے تحت کسی بھی امیدوار کو طبی رپورٹ اور ماہر ڈاکٹر کی منظوری سے پہلے ملازمت شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد کارکنوں کی صحت کا تحفظ، کام کی جگہوں پر حفاظت کو بہتر بنانا اور تمام شعبوں میں یکساں معیار نافذ کرنا ہے۔












