اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں وزارتِ ریلوے کے انتظامی، مالیاتی اور اصلاحاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو پاکستان ریلوے کی مجموعی کارکردگی، جاری منصوبوں اور ادارے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر پاکستان ریلوے کی فریٹ سروسز بہتر بنانے، مسافروں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے اور ریل کے سفر کو محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔
یہ بھی پڑھیں: ساری زندگی کرایہ ہی دیں گے؟اپنا گھر آج بھی پاکستانیوں کا خواب
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ریل کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ریلوے میں شفافیت، انتظامی اصلاحات اور عوام کو بہتر سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کو ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی بحالی اور ادارے میں مؤثر اصلاحات کے لیے وفاقی وزیر ریلوے کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔












