اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) عالمی درجہ بندی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ دو درجے بہتری آئی ہے ،پاکستانی پاسپورٹ 101ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری اب 29 ممالک میں پہلے سے ویزا حاصل کیے بغیر یا آسان سفری اجازت کے ساتھ جا سکتے ہیں، تاہم اس بہتری کے باوجود پاکستان کی سفری دستاویز اب بھی دنیا کی کمزور ترین سفری دستاویزات میں شامل ہے۔
یہ عالمی درجہ بندی دنیا کے 199 ممالک کی سفری دستاویزات اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لے کر مرتب کی گئی ہے۔ درجہ بندی کا معیار یہ ہے کہ کسی ملک کے شہری کتنے ممالک میں پہلے سے ویزا لیے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
سنگاپور ایک بار پھر 192 ویزا فری مقامات کے ساتھ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جبکہ جاپان 188 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات بھی 188 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے
سویڈن 187 پوائنٹس کے ساتھ اگلے نمبر پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ بیلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین مشترکہ طور پر 186 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیرونِ ملک سب سے مضبوط قونصلر تحفظ کس پاسپورٹ کے ساتھ ملتا ہے؟
فہرست کے آخری حصے میں افغانستان سب سے کمزور سفری دستاویز کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے، جبکہ شام، عراق اور پاکستان بھی نچلے درجوں میں شامل ہیں۔
علاقائی ممالک سے موازنہ کیا جائے تو بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کی سفری دستاویزات پاکستان کے مقابلے میں زیادہ مضبوط قرار دی گئی ہیں، کیونکہ ان کے شہری زیادہ ممالک میں بلا پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
یہ درجہ بندی بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کے مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے اور دنیا بھر میں سفری دستاویزات کی طاقت جانچنے کے لیے ایک معتبر معیار سمجھی جاتی ہے۔












