اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور مسلح افواج کے پنشنرز کے لیے سات فیصد پنشن اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق 7 فیصد اضافہ وفاقی حکومت کے تمام سول پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین، ریٹائرڈ مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کی بنیادی پنشن پر لاگو ہوگا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ اضافہ فیملی پنشن، پینشن کم گریجویٹی اسکیم 1954، لبرلائزڈ پنشن رولز 1977، سنٹرل سول سروسز رولز کے تحت دی جانے والی پنشن اور کمپیشنٹ الاؤنس پر بھی لاگو ہوگا۔
اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسری حکومت کے درمیان قواعد کے مطابق مشترکہ طور پر کی جا رہی ہے تو 7 فیصد اضافے کا بوجھ بھی دونوں حکومتیں اپنے اپنے حصے کے تناسب سے برداشت کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا ٹی ٹی ایس اساتذہ کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کا باضابطہ اعلان
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اضافہ پری ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاؤنس یا ڈرائیور/آرڈرلی کی مونیٹائزڈ سہولت کے بدلے دی جانے والی خصوصی اضافی پنشن پر لاگو نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت پنشن میں 7 فیصد اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہوگا اور متعلقہ پنشنرز کو نئی شرح کے مطابق ادائیگیاں کی جائیں گی۔












