لاہور( پاک ترک نیوز) جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے اسلام آباد مارچ کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے اور مارچ کے انتظامات کے لیے 10 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کمیٹیاں لانگ مارچ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ مارچ کے مقام کے حتمی تعین کے لیے بھی مشاورت کریں گی۔ذرائع جماعت اسلامی کے مطابق اسلام آباد کی جانب مارچ کا آغاز لیاقت باغ راولپنڈی سے کیا جائے گا، جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت مزید دو مقامات کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا 27 ستمبر اسلام آباد مارچ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج لاہور پہنچیں گے
جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر سے کارکنوں کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ہر تحصیل اور ضلع کی سطح پر ذمہ داران کو زیادہ سے زیادہ کارکن مارچ میں شریک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں جاری دھرنے معمول کے مطابق جاری رہیں گے، جبکہ اسلام آباد مارچ کے لیے بھی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت جب تک پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ٹیکس ختم نہیں کرتی، احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔












