لاہور( پاک ترک نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی کال کے معاملے پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے آج دوپہر دو بجے لاہور پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے دورہ لاہور کے دوران گزشتہ روز وفات پانے والے تحریک انصاف کے کارکن اشتیاق خان کی رہائش گاہ جائیں گے، جہاں وہ اہل خانہ سے ملاقات اور تعزیت کریں گے۔سہیل آفریدی لاہور ہائیکورٹ میں وکلا تنظیموں کے عہدیداران اور خواتین ونگ سے بھی خطاب کریں گے، جبکہ وہ داتا دربار پر حاضری بھی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمرہ زائرین کے لیے پولیو، گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا کی ویکسین لازمی،لاہور میں صرف ایک مرکز ،زائرین کا رش
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تحریک انصاف کی مجوزہ سڑکوں پر عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں لبرٹی چوک اور لاہور کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ بھی کریں گے۔دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق دفعہ 144 پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس کی اضافی نفری لبرٹی چوک اور جی پی او چوک میں تعینات کردی گئی ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔












