اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے اہل افراد کو موٹر سائیکل اور گاڑی کے لیے مفت پٹرول ٹوکن جاری ہوگا۔ وفاقی وزراء نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے وفاقی وزرا نے اہم تفصیلات سے آگاہ کردیا۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹو ویلر، تھری ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی والوں کو ریلیف دیا جائے گا، ٹو ویلر کے لیے 20 لٹر پیٹرول پر ریلیف ہے، 800 سی سی تک 30 لٹر پیٹرول پر سبسڈی ہے۔ اہل افراد کو 9771 سے موصول ہونے والا ٹوکن پٹرول پمپ پر دکھانا ہوگا، جس کے بعد انہیں پٹرول فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ ضروری ہے، معلومات میں کوئی کمی ہوئی تو میسج آئے گا کہ کیا کمی ہے، یہ پراسس ایک بار ہی کرنا ہے، اس سے آپ رجسٹرڈ ہو جائیں گے، پھر جب آپ پیٹرول لینے جائیں گے تو آپ نے 9771 پر TOK لکھ کر میسج کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ڈیٹا کسی سے بھی شیئر نہیں کرنا، حکومت شہریوں سے نہ کوئی ڈیٹا مانگے گی نہ ہی کوئی چارجز مانگے گی، اس میں جو بھی غلطیاں ہوں گی ان کو دیکھیں گے اور ٹھیک کرتے جائیں گے۔
وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اسکیم کے حوالے سے بیک گراؤنڈ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پلیٹ فارم کو موجودہ عالمی تیل بحران کے دوران تیار کیا گیا ہے اور اس میں مختلف حفاظتی چیکس شامل کیے گئے ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ کے مطابق جس موبائل نمبر سے رجسٹریشن یا پیغام بھیجا جائے گا، وہ صارف کے اپنے نام پر ہونا ضروری ہے۔ گاڑی یا موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کا صوبہ اور رجسٹریشن نمبر بھی درکار ہوگا۔
شزہ فاطمہ نے بتایا کہ 15 سال پرانی موٹر سائیکلیں اور 20 سال پرانی گاڑیاں بھی اسکیم کے لیے اہل ہوں گی۔
وزیر آئی ٹی نے شہریوں کو خبردار کیا کہ حکومت کسی کو میسج یا فون کرکے ذاتی معلومات نہیں مانگے گی، اس لیے کسی بھی مشکوک کال یا پیغام پر اپنا ڈیٹا ہرگز شیئر نہ کیا جائے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیول ریلیف اسکیم کے لیے کسی قسم کی رجسٹریشن فیس وصول نہیں کی جا رہی اور حکومت شہریوں سے شناختی کارڈ یا دیگر ذاتی معلومات کے نام پر کوئی اضافی ڈیٹا طلب نہیں کر رہی۔
حکومت کے مطابق اسکیم سے متعلق مستند معلومات صرف سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کی جائیں اور فراڈ کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا کمپنیوں سے بھی تعاون لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مستحق افراد کے لیے خصوصی فیول ریلیف اسکیم شروع کی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمد کرتا ہے اور عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم نے عوام کے دکھ کا احساس کرتے ہوئے مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لیے یہ خصوصی نظام متعارف کرایا ہے۔ موجودہ بحران سے یہ سبق بھی حاصل کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں ایسے عالمی توانائی بحرانوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔












