لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا بگ بیش لیگ کے لیے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے معاہدہ ہوگیا، فرنچائز نے معاہدے کا باضابطہ اعلان کردیا۔حارث رؤف اس سے قبل بگ بیش لیگ کے پانچ سیزن میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرچکے ہیں، تاہم اب وہ پہلی مرتبہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ وہ لیگ میں اب تک 56 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے کوچ ٹم پین نے حارث رؤف کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتیں ثابت کرچکے ہیں اور دنیا کے تیز ترین بولرز میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق ایڈیلیڈ اوول میں شائقین حارث رؤف کو کھیلتے دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت سپریم کورٹ کے فیصلوں کی پابند نہیں،آئینی عدالت
حارث رؤف نے بھی نئی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ میدانوں میں سے ایک ہے اور انہیں وہاں کھیل کر ہمیشہ لطف آیا ہے۔بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اپنا پہلا میچ 16 دسمبر کو سڈنی تھنڈرز کے خلاف کھیلے گی، جبکہ ٹورنامنٹ 12 دسمبر سے 26 جنوری تک جاری رہے گا۔












