اسلام آباد( پاک ترک نیوز ) اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس میں اسلام آباد اعلامیہ منظور کرلیا گیا، پاکستان نے 2026ء سے 2027ء تک ای سی او کی صدارت سنبھال لی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ای سی او رکن ممالک نے علاقائی تعاون، معاشی ترقی اور روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزرائے خارجہ نے ایران اور امریکا کے حالیہ بحران میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیے میں اسلام آباد امن مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا گیا، جبکہ پاکستان اور قطر کی کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کوششوں کی حمایت بھی کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے معاشی تعاون کے تزویراتی اہداف 2035ء کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا۔ رکن ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ تجارتی زونز، ٹرانسپورٹ، ٹرانزٹ اور ڈیجیٹل روابط کے منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
وزرائے خارجہ نے مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی، زراعت، صنعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے 2030ء تک کا پانچ سالہ روڈ میپ بھی منظور کرلیا گیا۔اجلاس میں لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت مقرر کرنے کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ میری کو 2028ء، کراکول کو 2029ء اور آکتاؤ کو 2030ء کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیا گیا۔ای سی او وزرائے خارجہ نے غزہ کی بگڑتی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی فوری فراہمی، جبری بے دخلی اور خوراک سے محروم رکھنے کی پالیسیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کی تنظیم میں مکمل شرکت کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے بہترین انتظامات پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مؤثر صدارت کو بھی سراہا گیا۔












