اسلام آباد ( پاک ترک نیوز)13 سالہ فاطمہ اصغر تشدد کیس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی، جس میں بچی پر مسلسل اور شدید جسمانی تشدد کے ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر 20 بڑے زخم اور تشدد کے نشانات پائے گئے، جبکہ اس کا پورا جسم سوجن کا شکار تھا۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچی کو سر سے پاؤں تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ شدید چوٹوں کے باعث جسم کے مختلف حصوں میں خون جم گیا تھا، جبکہ دل اور گردوں میں بھی خون کے لوتھڑے پائے گئے۔ بچی کے بائیں بازو پر پرانا خراب شدہ زخم اور سینے پر بھی پرانی چوٹوں کے نشانات موجود تھے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق تشدد کے نتیجے میں بچی کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی اور خون لوتھڑوں میں تبدیل ہوگیا۔ تھرومبو ایمبولزم کے باعث دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا، جس کے نتیجے میں فاطمہ کی موت واقع ہوئی۔
دوسری جانب ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ بچی کو مبینہ طور پر تین سال سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ تفتیشی معلومات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف کو تشدد سے متعلق تمام معلومات تھیں، جبکہ بچی کے والد اصغر نے بھی مبینہ طور پر سب کچھ جاننے کے باوجود خاموشی اختیار کیے رکھی۔ بچی کے سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج ہونا چاہیے تھا اور اس میں بچوں کے تحفظ سے متعلق دفعہ 328 اے بھی شامل کی جانی چاہیے تھی۔ ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ بچی کے والد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے کو بھی مقدمے میں شامل کیا جائے۔












