لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی احکامات کے باوجود تین کنال سے زائد اراضی پر تعمیرات کی اجازت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری خالد حبیب کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری دفاع کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا ملتان روڈ پر تین کنال سات مرلے کا خالی پلاٹ موجود ہے۔وکیل کے مطابق وفاقی حکومت نے 1979ء میں تین کنال سے زائد اراضی پر تعمیرات نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم 2023ء میں لاہور ہائیکورٹ نے مذکورہ پلاٹ پر تعمیرات کی اجازت دینے کا حکم دیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود تاحال پلاٹ پر تعمیرات کی اجازت نہیں دی جارہی۔
یہ بھی پڑھیں: قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا مکمل ،سپریم کورٹ کا ملزم مقدمے سے بری
عدالت نے معاملے پر سیکرٹری دفاع کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔












