لاہور( پاک ترک نیوز ) پاکستان ریلوے نے سیلاب کے باعث معطل ہونے والی لاہور، فیصل آباد ٹرین سروس 15 نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شیخوپورہ کے قریب سیلاب سے تباہ ہونے والے ریلوے پل کی بحالی کا کام تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ نئے ٹریک کا معائنہ جاری ہے۔پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حفیظ اللہ کے مطابق نئے پشتے کی تعمیر اور پٹڑی بچھانے کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ آئندہ چند روز میں اس روٹ پر آزمائشی ٹرین چلائی جائے گی، جبکہ 15 نومبر کو وفاقی وزیر ریلوے باقاعدہ افتتاح کرکے ٹرین آپریشن بحال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، 10 سال قید کی سزا
ان کے مطابق مسان کلر ریلوے پل کی بحالی کا کام ستمبر کے تیسرے ہفتے میں سیلابی پانی اترنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے پلوں کے نیچے پانی کے گزرنے کے راستے بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔لاہور ریلوے ڈویژن کے مطابق اس منصوبے پر 45 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جس میں سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کام شامل ہیں۔ اس روٹ پر شالیمار ایکسپریس، بدر ایکسپریس، غوری ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس سمیت مال بردار ٹرینیں بھی چلائی جاتی ہیں۔واضح رہے کہ اگست میں دریائے راوی اور چناب میں طغیانی اور نالہ ڈیک سمیت دیگر مقامات پر شگاف پڑنے سے ریلوے پلوں کے نیچے سے مٹی بہہ گئی تھی، جس کے باعث لاہور، شاہدرہ، شیخوپورہ اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن معطل کرنا پڑا تھا۔ اس کی وجہ سے لاہور سے فیصل آباد جانے والی ٹرینوں سمیت بعض لاہور، کراچی اور خانیوال روٹس کی ٹرینیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔












