ہالی ووڈ(پاک ترک نیوز)ہالی ووڈ اداکار اور سابق عالمی باڈی بلڈر آرنلڈ شوارزنیگر کے بیٹے جوزف بینا نے پروفیشنل نیچرل باڈی بلڈنگ مقابلے میں ڈیبیو کرتے ہوئے ٹاپ فائیو میں جگہ بنا لی۔
29 سالہ جوزف بینا نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ایل سیگنڈو میں ہونے والے INBA PNBA پرو/ایم ورلڈ کپ میں کلاسک فزیک اوپن کیٹیگری میں حصہ لیا اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
جوزف نے سوشل میڈیا پر اپنی پوزنگ روٹین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس کامیابی کو اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں۔
جوزف کے مطابق یہ ان کا تیسرا باڈی بلڈنگ مقابلہ تھا اور اس بار وہ گزشتہ مقابلے کے مقابلے میں کہیں بہتر تیاری کے ساتھ میدان میں اترے۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلے میں ٹاپ فائیو میں جگہ بنانا ان کا ہدف تھا جو انہوں نے حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: زندگی بھر سمندر میں سفر کا خواب ادھورا، دنیا کا چکر لگانے والا کروز شپ سنگاپور میں ضبط
انہوں نے اپنے والد آرنلڈ شوارزنیگر کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ والد نے ان کے باڈی بلڈنگ کے شوق کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جوزف کا کہنا تھا کہ انہوں نے زیادہ تر تربیت کسی باقاعدہ کوچ کے بغیر خود کی، تاہم اہل خانہ اور دیگر معاونین کی رہنمائی ان کے لیے اہم رہی۔
واضح رہے کہ آرنلڈ شوارزنیگر خود بھی باڈی بلڈنگ کی دنیا میں متعدد اعزازات حاصل کرنے کے بعد ہالی ووڈ کے کامیاب اداکار بنے تھے۔






