لاہور( پاک ترک نیوز) لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ فضا میں کیمیائی مادوں کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی مقررہ حدود سے 28 گنا زیادہ بتائی گئی ہے۔فضائی آلودگی کے باعث شہریوں میں گلے، سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آلودہ فضا نے شہریوں کی صحت کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے، جس سے فضائی آلودگی میں کمی کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، تاہم بارشوں کا زیادہ امکان 12 نومبر کو بالائی پنجاب اور پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں ہے۔ ادھر کراچی میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات سردی کی شدت برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7، قلات میں 4، زیارت میں 2، ژوب میں 11، سبی میں 19، تربت میں 21، نوکنڈی میں 21 اور چمن میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں اسٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکا،17افراد ہلاک ،14زخمی
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں گوادر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ جیوانی میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔












