لاہور(پاک ترک نیوز )بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بنگلادیش کے 34 اعلیٰ سرکاری افسران دو ہفتوں کے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے ڈھاکا سے پاکستان پہنچ گئےبنگلادیشی سول سروس کے ان افسران میں ایڈیشنل سیکریٹریز اور جوائنٹ سیکریٹریز بھی شامل ہیں، جو لاہور میں نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی میں انتظامی قیادت کے تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفد کو رخصت کیا۔اس سے قبل پاکستانی ہائی کمشنر نے بنگلادیشی افسران کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام ادارہ جاتی روابط، پیشہ ورانہ تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔عمران حیدر نے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور خاندانی روابط کا ذکر کرتے ہوئے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت، ثقافت، ذرائع ابلاغ، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل نظام حکومت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے پاکستان بنگلادیش علمی راہداری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2026 میں 170 بنگلادیشی طلبہ پاکستان کی معروف جامعات میں داخلہ لے چکے ہیں، جبکہ مزید 20 طلبہ بھی جلد داخلہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال بنگلادیشی سول سروس کے 12 اعلیٰ افسران پر مشتمل پہلا وفد بھی یہ تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا
حکام کے مطابق موجودہ وفد اس پروگرام میں شرکت کرنے والا دوسرا گروپ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے ادارہ جاتی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔












