نیو یارک ( پاک ترک نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی امن اور سلامتی کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث عالمی ادارے پر اعتماد کم یا ختم ہوچکا ہے۔نیویارک پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے حقوق، مفادات اور ایران کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی کے رواں سال کے موضوع ’’اعتماد کی بحالی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ موضوع بھی عالمی ادارے پر اعتماد میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طاقت سے لوگوں کو سرِ تسلیم خم کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا ،ایرانی صدر
عباس عراقچی نے الزام عائد کیا کہ بعض ممالک خود کو بین الاقوامی قوانین اور عالمی اداروں سے بالاتر سمجھتے ہیں، جبکہ ان کے اتحادیوں کو بھی کارروائیوں سے استثنیٰ حاصل رہتا ہے۔انہوں نے مغربی اور یورپی ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے ممالک موجودہ صورتحال پر خاموش ہیں۔
نیویارک پہنچنے کے بعد عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی، جس میں جنرل اسمبلی کے ایجنڈے اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔












