بیجنگ (پاک ترک نیوز)چین نے انسان کو چاند پر اتارنے کے اپنے منصوبے کی تفصیلات جاری کر دیں۔ چینی خلائی پروگرام کے تحت دو الگ الگ راکٹ لانچ کیے جائیں گے، جو چاند کے مدار میں پہنچ کر ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے۔
بیجنگ میں منعقدہ ساتویں میینڈ اسپیس سمپوزیم میں چینی خلائی پروگرام کے نائب چیف ڈیزائنر وانگ شیانگ نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے راکٹ کے ذریعے لانیوئے قمری لینڈر جبکہ دوسرے راکٹ کے ذریعے مینگ ژو خلائی جہاز زمین سے چاند کے مدار تک پہنچایا جائے گا۔
چاند کے مدار میں دونوں خلائی جہاز آپس میں جڑ جائیں گے، جس کے بعد خلا باز مینگ ژو سے لانیوئے لینڈر میں منتقل ہوں گے اور اسی کے ذریعے چاند کی سطح پر اتریں گے۔ وہاں سائنسی تحقیق اور تجربات کیے جائیں گے۔
وانگ شیانگ کے مطابق یہ منصوبہ چین کی موجودہ تکنیکی صلاحیتوں اور خلائی انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت لانگ مارچ 10 راکٹ، مینگ ژو خلائی جہاز اور لانیوئے لینڈر کی تیاری میں پیش رفت جاری ہے۔
چینی حکام کے مطابق خلائی جہاز کے ہنگامی انخلا، لینڈر کی چاند پر اترنے اور دوبارہ اڑان بھرنے سمیت کئی اہم تجربات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں زیر تعمیر جوہری ری ایکٹرز کی تعداد 79 ہوگئی
وانگ شیانگ کا کہنا تھا کہ چاند پر انسانی مشن بھیجنے سے پہلے اس کے ماحول، وسائل اور جغرافیے کو سمجھنا ضروری ہے۔ چین کا ارادہ ہے کہ مرحلہ وار تحقیق کے بعد مستقبل میں چاند کے وسائل سے استفادے کی جانب پیش رفت کی جائے۔
چین کا یہ منصوبہ اس کی بغیر انسان کے چاند پر بھیجے گئے چینگ ای مشنز کی کامیابیوں سے بھی فائدہ اٹھائے گا۔












