بیجنگ ( پاک ترک نیوز) چین نے قومی سلامتی اور قومی مفادات کا حوالہ دیتے ہوئے یورپی یونین کی 14 کمپنیوں کو سویلین اور عسکری استعمال کی مصنوعات کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ۔
چینی وزارتِ تجارت کے مطابق یہ پابندی نافذ العمل ہو گئی ہ ، جس کے تحت چینی برآمد کنندگان ان 14 یورپی اداروں کو ایسی مصنوعات فراہم نہیں کر سکیں گے جو شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔
یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایک روز قبل 51 نئی کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ یورپی یونین نے ان کمپنیوں، جن میں چینی اور ہانگ کانگ کی متعدد فرمیں بھی شامل ہیں، پر روس کی یوکرین جنگ میں معاونت کا الزام عائد کیا تھا۔
چینی وزارتِ تجارت کے ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ یورپی یونین کے "اشتعال انگیز اقدامات” کے جواب میں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کا سب سے بڑا سبز انقلاب،66ارب درخت ،چین سب پر بازی لے گیا
پابندی کا شکار ہونے والی کمپنیوں میں اٹلی کی لافرٹ گروپ جرمنی کی دفاعی کمپنی رائن میٹل اے جی نیدرلینڈز کی جہاز سازی اور آف شور بھاری آلات بنانے والی آئی ایچ سی ، اور جمہوریہ چیک کی فوجی گاڑیاں تیار کرنے والی ٹاٹرا ٹرکس شامل ہیں۔
چین نے واضح کیا ہے کہ نہ صرف چینی برآمد کنندگان بلکہ بیرونِ ملک موجود تنظیمیں اور افراد بھی ان 14 یورپی اداروں کو چین سے حاصل ہونے والی دوہری استعمال کی مصنوعات فراہم نہیں کر سکیں گے۔












