واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکا نے یوکرین کے راستے پائپ لائنوں کے ذریعے یورپ کو روسی قدرتی گیس کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کر دی۔ مجوزہ منصوبے کا مقصد موسم سرما سے قبل توانائی کے شعبے میں ممکنہ جنگ بندی اور یورپ کی گیس ضروریات پوری کرنے کے لیے نئی راہ نکالنا ہے۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس معاملے پر امریکی، یورپی اور یوکرینی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جبکہ امریکی نمائندوں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے ستمبر میں ماسکو اور کیف کے دوروں کے دوران یہ تجویز پیش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا میں ہاتھیوں اور بندروں کو قید میں رکھنے پر پابندی کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا
مجوزہ منصوبے کے تحت ایک امریکی ثالث کے ذریعے روسی گیس یورپ کو فروخت کی جائے گی، تاکہ یورپی پابندیوں سے بچنے کا راستہ نکالا جا سکے۔ اس انتظام سے امریکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی منافع کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔تاہم اس امریکی تجویز کو یورپی یونین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے، کیونکہ روسی گیس کی دوبارہ خریداری یورپ کی روسی توانائی پر انحصار کم کرنے کی پالیسی سے متصادم ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ کے بعد یورپ نے روسی گیس پر اپنا انحصار کم کرنے کے لیے متبادل توانائی ذرائع اور سپلائی روٹس تلاش کیے تھے۔ اب یوکرین کے راستے روسی گیس کی ممکنہ بحالی کی تجویز نے یورپ کی توانائی پالیسی اور روس کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔












