انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ٹیلی فونک رابطے میں عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترک ایوان صدر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صدر اردوان نے امریکہ کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ دونوں ممالک آنے والے عرصے میں دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اردوان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا سیاسی انتقام لینے اور دھمکیاں دینے پر ڈیموکریٹس کے خلاف تحقیقات کا حکم
\روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے صدر اردوان نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں میں تیزی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور کیف اور ماسکو دونوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی اہمیت برقرار ہے۔
ترک صدر نے آرگنائزیشن آف ترکک اسٹیٹس (او ٹی ایس) کے سربراہی اجلاس کی حمایت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔












