غزہ (پاک ترک نیوز )غزہ میں جنگ اور تباہی کے طویل سلسلے کے درمیان خوشی کا ایک نادر موقع دیکھنے میں آیا، جہاں 250 فلسطینی جوڑوں نے اجتماعی شادی کی تقریب میں نئی زندگی کا آغاز کردیا۔
اجتماعی شادی کی تقریب کا اہتمام متحدہ عرب امارات کے تعاون سے کیا گیا، جس میں دولہا دلہن اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ شدید مشکلات کے باوجود تقریب میں خوشی اور جشن کا ماحول رہا۔
تقریب میں شریک دولہا محمد الشریف نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تین سال کی تکالیف، جنگ اور تباہی کے بعد بالآخر خوشی منانے کا موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے پہلے وہ شادی کرسکتے تھے، لیکن جنگ اور اس کے اثرات نے انہیں ہر چیز سے محروم کردیا۔
ایک اور دولہا سعید النجار نے کہا کہ یہ ناقابل بیان خوشی صرف یہاں موجود جوڑوں کے لیے نہیں بلکہ پورے غزہ کے عوام کے لیے ہے۔ مسلسل بمباری، شدید مشکلات اور موت کے خطرات کے درمیان ایسی تقریب کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی، بے گھری اور انسانی بحران نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر رکھے ہیں۔
اجتماعی شادی کی اس تقریب نے تباہ حال غزہ میں امید کی ایک نئی کرن روشن کردی، جہاں فلسطینی عوام تمام تر مشکلات کے باوجود زندگی دوبارہ تعمیر کرنے اور بہتر مستقبل کے خواب دیکھنے کا حوصلہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔












