نئی دہلی (پاک ترک نیوز )بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
36 سالہ محمد شامی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے جذباتی پیغام میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔
محمد شامی نے 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جبکہ انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ جون 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف اوول کے میدان میں کھیلا۔
بھارتی فاسٹ بولر نے اپنے 10 سالہ ٹیسٹ کیریئر میں 64 میچز کھیلے اور 229 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے الوداعی پیغام میں محمد شامی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ان کے لیے محض ایک طرزِ کرکٹ نہیں بلکہ زندگی کا انتہائی خاص حصہ رہی ہے۔ اس سفر میں حاصل ہونے والی ہر وکٹ، ہر مشکل، انجری اور میدان میں واپسی کے تجربے نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ملنے والی محبت اور حمایت پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔












