نیو یارک ( پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں عالمی مالیاتی ادارے اور یورپی یونین کی قیادت سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔وزیراعظم نے عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحات، مالیاتی پروگرام اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے اصلاحات پر مضبوط عملدرآمد کے ذریعے معاشی استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری مزید مستحکم کرنے اور اسٹریٹجک روابط کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس کے تحت مسلسل روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور شام کے صدر احمد الشرع کے درمیان بھی نیویارک میں ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں نواز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس آج ہوگا
وزیراعظم نے شام کی خودمختاری، سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور شام کی معاشی بحالی و تعمیر نو میں بھرپور کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری پر بھی زور دیا گیا۔












