اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے اسکیم پر اب تک ہونے والی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیول ریلیف پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار سے زائد شہری رجسٹر ہوچکے ہیں، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد موٹر سائیکل مالکان جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے تقریباً 4 لاکھ 49 ہزار 800 مالکان شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن استعمال کیے جاچکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنانے سے شہریوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے اسکیم کی نگرانی اور مؤثر ڈیش بورڈ کی تیاری پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم کا افغانستان پریمیئر لیگ کا حصہ بننے سے انکار
اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں اور پیٹرول پمپس کی سہولت کے لیے معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کی غرض سے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ مستحق شہریوں کو سبسڈی فراہم کرنے میں رکاوٹ ڈالنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ان کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، مصدق ملک، احد خان چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔












