دوحہ ( پاک ترک نیوز) قطر ایئرویز نے دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چلنے والی 13 بین الاقوامی منزلوں کے لیے اپنی پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی ہ ۔ ان روٹس پر ستمبر 2026 میں پروازیں بحال ہونے کی توقع تھی،تاہم اب ان کی بحالی کم از کم مارچ 2027 تک مؤخر کر دی گئی ہے، جبکہ بعض روٹس کے دوبارہ شروع ہونے کے بارے میں بھی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
ایئرلائن کی تازہ ترین شیڈول اپ ڈیٹس کے مطابق یہ فیصلہ 6 جولائی تک دستیاب معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، تاہم مستقبل میں اس میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
رپورٹ کے مطابق معطل کیے گئے 13 روٹس میں سے 7 منزلوں پر پروازیں مارچ کے آخر یا اپریل 2027 کے آغاز میں بحال کیے جانے کا امکان ہے، کیونکہ اس دوران بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کا سمر فلائٹ شیڈول نافذ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 52جامعات عالمی رینکنگ میں شامل
دوسری جانب 6 منزلیں ایسی ہیں جن کے لیے فی الحال پروازوں کی بحالی کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ ان میں جرمنی کے شہر ہیمبرگ کا ایئرپورٹ بھی شامل ہے، جہاں قطر ایئرویز نے آخری مرتبہ مارچ 2026 میں پرواز آپریٹ کی تھی۔ ایئرلائن نے 2024 میں ہیمبرگ کے لیے روزانہ بوئنگ 787-8 طیارے کے ذریعے سروس شروع کی تھی۔
اسی طرح صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے لیے بھی قطر ایئرویز کی پروازیں بدستور معطل رہیں گی۔ ایئرلائن نے 2019 میں موغادیشو کے لیے سروس شروع کی تھی، جہاں زیادہ تر پروازیں جبوتی کے راستے آپریٹ کی جاتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دوحہ، جبوتی اور موغادیشو روٹ پر ہفتے میں تین پروازیں ایئربس A320 کے ذریعے چلائی جاتی تھیں۔ اپریل 2025 سے مارچ 2026 کے دوران 17 ہزار سے زائد مسافروں نے موغادیشو سے دوحہ کے راستے دیگر بین الاقوامی پروازوں کے لیے سفر کیا۔
ان مسافروں کی مقبول ترین منزلوں میں لندن، اوسلو، قاہرہ، بینکاک، حیدرآباد، لاہور، ایمسٹرڈیم، دبئی، کوپن ہیگن اور بیجنگ شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطر ایئرویز نے صرف ان منزلوں کی معطلی میں توسیع کی ہے جن کے لیے پہلے بحالی کی تاریخ مقرر تھی، جبکہ ایران کے مختلف شہروں سمیت دیگر پہلے سے معطل روٹس اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔












