کراچی ( پاک ترک نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے لندن کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، 27 اکتوبر سے پاکستان اور لندن کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد سات ہوجائے گی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن روزانہ پاکستان سے لندن کے لیے پروازیں چلائے گی، جن میں اسلام آباد سے لندن کے درمیان ہفتے میں پانچ جبکہ لاہور سے لندن کے درمیان دو پروازیں شامل ہوں گی۔پی آئی اے اس وقت لندن کے لیے ہفتے میں چار پروازیں چلا رہی ہے، پروازوں کی تعداد میں اضافہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب اور قومی ایئرلائن پر اعتماد کا عکاس ہے۔
ترجمان کے مطابق پروازوں میں اضافے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سہولت اور بہتر سفری مواقع میسر آئیں گے۔دوسری جانب پی آئی اے نے فرانس میں اپنی کارگو سرگرمیوں کے لیے فریٹ ہینڈلنگ، کلیئرنگ اور فارورڈنگ ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے۔ٹینڈر دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کو پیرس اسٹیشن پر فضائی اور بحری سامان کی ہینڈلنگ، کلیئرنس اور ترسیل کے لیے ایجنٹ درکار ہے، جس کی خدمات تین سال کے لیے حاصل کی جائیں گی۔پی آئی اے نے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے ٹینڈر درخواستیں طلب کرلی ہیں، بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گھانا کی سونے کی برآمدکنندگان کیلئے نئی شرائط
پی آئی اے حکام کے مطابق نئے ایجنٹ کی تقرری سے پیرس روٹ پر کارگو آپریشنز کو مزید بہتر اور منظم بنانے میں مدد ملے گی، جس سے سامان کی ترسیل کا نظام زیادہ مؤثر ہوسکے گا۔












