لاہور(پاک ترک نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے نئے تعینات سفیر ڈاکٹر راجح البقمی کی ملاقات ہوئی، جس میں پاک سعودی تعلقات، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری اور پنجاب سے سعودی عرب کو زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے سعودی سفیر کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کی اقتصادی اور مالی معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں منفرد اور محترم مقام رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو تقریباً 9 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ترسیلاتِ زر بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ سعودی قیادت اور نواز شریف کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی اعتماد کی روشن مثال ہیں۔
ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاک سعودی تعلقات میں نئے باب کا آغاز قرار دیا گیا۔ مریم نواز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں سمیت سعودی شہروں اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے قابلِ مذمت ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ملاقات میں پنجاب سے مویشیوں، گائے کے گوشت، مرغی کے گوشت، آم، کینو، آلو، سبزیوں اور جھینگوں کی برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ اس شعبے میں 500 ارب روپے سے زائد کی برآمدات کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سعودی عرب کو حلال خوراک فراہم کرنے والا قابلِ اعتماد شراکت دار بن سکتا ہے۔ ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ریاض میں سرمایہ کاری نمائش منعقد کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی شہریوں کو پنجاب کے سیاحتی مراکز کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور خادمِ حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اردن میں تاریخی حجاز ریلوے کے آثار محفوظ بنانے میں ترکیہ کی دلچسپی
سعودی سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو سراہتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستانی حکومت، مسلح افواج اور عوام کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سعودی سفیر نے پنجاب کے تاریخی ورثے، مغلیہ یادگاروں، لاہور کے کھانوں، مہمان نوازی اور عوام کی گرم جوشی کو بھی سراہا












