لاہور(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کا منصب صرف گاڑی میں بیٹھ کر آنے جانے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مشکل ذمہ داری ہے۔ لوگوں کو لگتا ہے کہ حکومت چلانا بہت آسان کام ہے، لیکن اللہ نے ایسی کرسی پر بٹھایا ہے جہاں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔
لاہور میں سندھ کی انتظامی سروس کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کی ترجیحات صرف اور صرف عوامی خدمت ہیں۔ تمام چیلنجز کے باوجود وہ روزانہ نئے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کے لیے گھر سے نکلتی ہیں اور اپنے روزمرہ کاموں میں ایک منٹ بھی عوامی خدمت سے دور نہیں رہتیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین کے ایچ 6 کے بمبار طیارے سے ہائپرسونک میزائل داغنے کی پہلی ویڈیو جاری، امریکی بحری بیڑوں کے لیے بڑا خطرہ
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ان کی کوئی میٹنگ تاخیر سے نہیں ہوتی اور وہ کسی کو انتظار نہیں کراتیں۔ ان کی توجہ بہتر طرزِ حکمرانی اور عوام کو بروقت سہولتوں کی فراہمی پر مرکوز ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ سرکاری منصب پر بیٹھنے والوں کو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی کرنا پڑتی ہے۔ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے اور عوامی مفاد کو ذاتی ترجیحات پر فوقیت دے۔












