لاہور(پاک ترک نیوز ) اسکوٹی سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، ضلع کچہری لاہور کی عدالت نے گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
ضلع کچہری لاہور میں اسکوٹی سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس کے دوران پولیس نے گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ کو عدالت میں پیش کیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی گئی، تاہم عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے ملزم غلام مصطفیٰ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر ملزم کسی دوسرے فوجداری مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے رہا کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسکوٹی سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کا مقدمہ لاہور کے تھانہ مزنگ میں درج کیا گیا تھا، جس میں پولیس نے غلام مصطفیٰ کو گرفتار کیا تھا۔
عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم کی رہائی ضمانتی مچلکے جمع کروانے اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے سے مشروط ہوگی۔












