صنعا(پاک ترک نیوز ) یمن میں سعودی فورسز کے مبینہ فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ حوثیوں کے زیرِ کنٹرول دارالحکومت صنعا اور اس کے گردونواح میں رہائشی مکان اور سیمنٹ فیکٹری کو بھی نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
حوثی گروپ سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی فورسز نے یمن کے دارالحکومت صنعا اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصان ہوا۔
حوثی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فضائی حملوں کے دوران ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق صنعا گورنریٹ میں واقع ایک سیمنٹ فیکٹری پر بھی فضائی حملہ کیا گیا، جہاں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد سامنے نہیں آسکی۔
دوسری جانب حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے ساحلی شہر موخا میں بھی تقریباً 20 فضائی حملے کیے گئے، جن سے مختلف مقامات متاثر ہوئے۔
ادھر یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے حوثیوں کے دو میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
سعودی اتحاد کے مطابق دونوں میزائلوں کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔
تاہم سعودی حکام کی جانب سے صنعا اور موخا میں مبینہ فضائی حملوں، نشانہ بنائے گئے مقامات اور جانی نقصان سے متعلق تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔











