لاہور: (پاک ترک نیوز)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شہر کے تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے نہایت اہم علاقے اولڈ انارکلی میں وسیع پیمانے پر تحفظ اور بحالی کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے پر مجموعی طور پر ایک ارب 9 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی اور اسے دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز جاری بیان میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے بتایا کہ یہ اہم منصوبہ جین مندر سے لوہاری گیٹ تک پھیلے ہوئے تاریخی راستے پر محیط ہے، جو اپنی منفرد طرزِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کے باعث خصوصی حیثیت رکھتا ہے۔
منصوبے کے تحت علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد تاریخی ماحول کو برقرار رکھتے ہوئے سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
بحالی کے کام میں سڑکوں کی ازسرِنو تعمیر اور خوبصورتی میں اضافہ، زیرِ زمین بجلی کا مربوط نظام، بہتر اور یکساں اسٹریٹ لائٹنگ، دکانوں کے لیے ہم شکل سائن بورڈز کی تنصیب، سیاحوں کی رہنمائی کے لیے معلوماتی سائنز، اور ہارڈ و سافٹ لینڈ اسکیپنگ شامل ہے۔اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات سے اولڈ انارکلی کے تاریخی تشخص کو محفوظ رکھتے ہوئے اس کی اصل شان بحال کی جائے گی، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے آمدورفت اور سیاحت کے تجربے کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔












