لاہور(پاک ترک نیوز)شہر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی شدید قلت کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اس کی وجوہات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاسکو کی جانب سے فراہم کی جانے والی گندم کے معیار سے متعلق فلور ملز کی جانب سے بڑے پیمانے پر شکایات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اور محکمہ پرائس کنٹرول کی جانب سے 20 کلو کے تھیلے کے بجائے 10 کلو کے تھیلے کو ترجیح دی گئی، جس کے باعث مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں۔
تاجروں کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ سے 20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں آنا بند ہو چکا ہے، جبکہ فلور ملز کا کہنا ہے کہ 20 کلو کے بجائے زیادہ تعداد میں 10 کلو کے تھیلے تیار کیے جا رہے ہیں۔
تاجروں کے مطابق مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,100 روپے میں دستیاب ہے، تاہم اس کے معیار پر شدید تحفظات ہیں۔ فلور ملز کے مطابق چھ ماہ قبل 20 کلو آٹے کا تھیلا 2,200 سے 2,300 روپے میں دستیاب تھا، جبکہ اب 15 کلو آٹے کا تھیلا 2,400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ہمارے تمام مطالبات تسلیم کر لیے، گورنر خیبرپختونخوا
فلور ملز کا مؤقف ہے کہ پاسکو کی جانب سے فراہم کی جانے والی گندم کا معیار ناقص ہونے کے باعث ملز 15 اور 20 کلو کے تھیلے تیار نہیں کر رہیں۔ فلور ملز نے فراہم کردہ گندم کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔












