لاہور(پاک ترک نیوز) شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ پولیس فلیشر لائٹس، غیر قانونی نیلی بتی اور گرین نمبر پلیٹس کے استعمال پر اب محض چالان کرنے کے بجائے براہِ راست مقدمات درج کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور روڈ ڈسپلن کو یقینی بنانے کے لیے یہ سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب چالان نہیں بلکہ باقاعدہ مقدمہ درج ہوگا۔ اس کے علاوہ نمبر پلیٹ پر چھپائی، ردوبدل یا شناخت چھپانے والے عناصر کے خلاف بھی فوری ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
روڈ بلاکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی چالان کی بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ ریش ڈرائیونگ، نیگلیجنٹ ڈرائیونگ، تیز رفتاری، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہلڑ بازی اور انتہائی غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں پر بھی مقدمات درج ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چاند پر سپر کمپیوٹر کی دھماکے دار انٹری
انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی ان تمام سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر اب کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف فوری مقدمات کا اندراج کیا جائے گا۔












