پشاور( پاک ترک نیوز ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات اور باہمی بیٹھک سے نکالا جانا چاہیے، سیاسی کشیدگی مزید نہیں بڑھنی چاہیے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک عجیب منطق ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر غائب ہیں۔ خوشی ہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے معاملہ چیف جسٹس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے بھجوا دیا ہے۔ ایسے فیصلے ہونے چاہئیں جو سب کے لیے برابر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے علاج کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن عدالتوں کے فیصلوں پر بھی عمل نہیں کیا گیا، جس کا نقصان عوام کو ہو رہا ہے۔ سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، ایم این ایز، ایم پی ایز اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جائے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق گزشتہ روز وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، جس میں مقدمات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ملاقات پہلے ہو جاتی تو اتنا مسئلہ پیدا نہ ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا چودھری سالک حسین کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان
انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور انہیں ایسی باتوں کی توقع نہیں تھی۔
مذاکرات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں کبھی ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی اور وہ آج بھی ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول مذاکرات کی میز پر پیشکش موجود ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ بیرسٹر سیف کو بلایا جاتا ہے تو انہیں کیوں نہیں بلایا جاتا؟انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کی مخالف نہیں، تاہم بات چیت سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ ہونی چاہیے۔












