لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق پنجاب بھر میں ہوگا، جبکہ انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم ان کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔
انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی غرض سے ضلعی سطح پر قائم سیف ڈرون یوزیج کمیٹی سے تحریری اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ کمیٹی کی تحریری منظوری کے بعد متعلقہ مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کی املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت ڈرونز کے استعمال کو ضابطے میں لانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کی ماڈل جیل تین روز میں فعال ہو جائے گی، ابتدائی طور پر 1500 قیدی منتقل ہوں گے
حکومت پنجاب نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ پابندی پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے۔ شہریوں اور ڈرون آپریٹرز کو چاہیے کہ ڈرون اڑانے سے پہلے متعلقہ ضلعی حکام سے اجازت اور پابندی کی شرائط کی تصدیق کر لیں۔












