اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حکومت نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نظام میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، منصوبے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کیے جائیں گے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کمپنیوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے مالی وسائل کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے شرکا کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے حکومت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات کرے گی اور ان اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ناسا کے خلائی مشن کو بڑا دھچکا
اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی نگرانی بہتر بنانے، بجلی کے ضیاع اور چوری کی روک تھام اور بجلی کے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔












