اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کے نواں اور آخری سپیل کا آغاز آج سے ہوگا، جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں آج سے 17 ستمبر تک بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں 14 سے 17 ستمبر تک بارش متوقع ہے۔
خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شدید بارش کی صورت میں شہری سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے اور نشیبی علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں، جبکہ انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے۔












